‘‘اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ کی منظوری، 5 شہروں میں کم لاگت سے بہترین مکان بنائے جائیں: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ)  ’’اپنی چھت …… اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ، لاہور سمیت پانچ بڑے شہروں میں 519کنال اراضی پر اپنی چھت ……اپنا گھر پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ کم آمدن والے بے گھر لوگوں کی ہاؤسنگ سکیم کیلئے پانچ شہروں میں سٹیٹ لینڈ کی نشاندہی کرلی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ماڈل گھروں کی تعمیر اور ماہانہ قسط پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گھروں کے نقشوں کیلئے پاکستان کونسل فار آرکیٹیکٹ اینڈ ٹاؤن پلانرز سے مشاورت پر اتفاق کیا گیا۔  مریم نوازشریف نے اپنی چھت……اپنا گھر پراجیکٹ شہروں کے قریب لانچ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواشریف نے کم از کم لاگت میں بہترین گھر تیار کرنے کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں بوائلر پھٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کمشنر فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے بوائلر پھٹنے کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ورکرز سیفٹی کے ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کا حکم دیا اور کہا کہ ورکرز سیفٹی گائیڈ لائن پر عمل نہ کرنے والے فیکٹری مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن