غزہ میں اجتماعی قبروں پر اقوام متحدہ، سعودی عرب کو تشویش: امریکی یونیورسٹیز میں اسرائیل مخالف دھرنے

Apr 25, 2024

نیو یارک؍ دوحہ؍ سنتیا گو (نوائے وقت رپورٹ+آئی این آئی+ این این آئی) اقوام  متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں  اجتماعی قبروں کے بارے میں پریشان کن رپورٹس سامنے آرہی ہیں جن میں فلسطینی شہریوں کی نعشیں برہنہ حالت میں اور ان کے   ہاتھ بندھے ہوئے پائے گئے ہیں، جس سے  محصور غزہ میں جاری اسرائیل کی جارحیت کے دوران ممکنہ جنگی جرائم کے بارے میں گہری تشویش کی تجدید ہوتی ہے۔ یہ بات  اقوام متحدہ کے ادارے برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے گزشتہ روز جاری ہونے والی اپنی رپورٹ میں بتائی۔ قطر نے کہا حماس قیادت جنگ بندی تک دوحہ میں رہے گی، اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں بیت اللحیا کو خطرناک جنگی زون قرار دیتے ہوئے انخلاء کا حکم دیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے بغیر کسی روک ٹوک کے گھناؤنے جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان جنگی جرائم میں تازہ ترین  جرم جنوبی شہر خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلکس میں اجتماعی قبروں کی دریافت سے سامنے آیا ہے۔ چِلی کے صدر گبریئل بوریس نے کہا ہے کہ "غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملے ایک کھلی 'بربریت' ہیں۔ بوریس نے سوشل میڈیا پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں پیدائش سے پہلے ہی ماں، باپ اور 4سالہ بہن سے محروم ہونے کے بعد انکیوبیٹر میں زندگی و موت کی جنگ لڑتی بچی، 'سبرین'  کی تصویر  شیئر کی ہے۔ صدر بوریس نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حکومت کی وحشت و بربریت کو معمول  نہ بننے دیں، 34ہزار انسان قتل کر دیئے گئے ہیں اور رواں ہفتے کے اواخر میں ایک حاملہ عورت کو قتل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے مردہ ماں کے پیٹ سے بچی کو بچا لیا ہے۔ بہت ہو گئی اب جنگ بندی کی جائے۔ بعد ازاں صدارتی پیلس لاموندا میں اخباری نمائندوں کے لئے جاری کردہ بیان میں صدر بوریس نے کہا ہے کہ "جب تک غزہ میں قتل عام جاری ہے ہمارا سفیر تل ابیب واپس نہیں جائے گا۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی برکلے بیل ایمرسن اور یونیورسٹی آف مشی گن سمیت امریکہ بھر کی یونیورسٹیوں میں اسرائیل کے خلاف دھرنے شروع ہو چکے ہیں اور احتجاجی کیمپس لگا دیئے گئے ہیں۔ کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز نے اختلاف رائے کو کچلنے کیلئے پولیس فورس کے استعمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تعلیمی آزادی مجروح ہو رہی ہے۔ غزہ جنگ کے مسئلے پر امریکہ میں شدید تقسیم پیدا ہو گئی ہے جس کا مظاہرہ کولمبیا کی سڑکوں اور عوامی مقامات پر دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں فلسطینیوں اور اسرائیل کے حامی مظاہرین کے درمیان بحث و تکرار اور ہاتھا پائی تک ہو رہی ہے۔امریکہ میں یہودی مظاہرین نے اسرائیل کو امریکی ہتھیاروں کی سپلائی کے مخالف سینیٹر چک شومر کے گھر کے باہر مظاہرہ کیا۔ سڑکیں بلاک کرنے پر کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔

مزیدخبریں