حضرت امیر خسرو کا 720 واں عرس  نئی دہلی میں آج سے شروع ہو گا 

لاہور (خالد بہزاد ہاشمی سے) حضرت محبوب الٰہی خواجہ نظام الدین اولیاء کے محبوب خلیفہ طوطی ہند حضرت امیر خسرو کا 720 واں چار روزہ سالانہ عرس مبارک 25 اپریل سے درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء نئی دہلی میں باتزک و احتشام شروع ہو رہا ہے۔ 25 اپریل کو بعد نماز مغرب روضہ مبارک میں پہلا ختم شریف ہو گا۔ درگاہ حضرت محبوب الٰہی خواجہ نظام الدین اولیاء نئی دہلی کے سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی نے ٹیلی فون پر نوائے وقت کو بتایا کہ 28 اپریل کو بڑا قل شریف ہو گا۔ صبح دس بجے قرآن خوانی، نعت شریف، ساڑھے گیارہ بجے ختم شریف شجرہ، دعا کے بعد لنگر تقسیم ہو گا۔ دیوان سید طاہر نظامی نے بتایا کہ 80 پاکستانی زائرین 25 اپریل کو واہگہ سے روانہ ہونگے اور 26 اپریل جمعہ کی صبح نئی دہلی پہنچیں گے۔ ان کا قیام پہاڑ گنج نئی دہلی ریلوے سٹیشن کے قریب ہوٹلز میں ہو گا۔ دیوان سید طاہر نظامی نے بتایا کہ 27 اپریل ہفتہ کو پاکستانی ہائی کمشنر محمد سعد وڑائچ کی قیادت میں پاکستانی زائرین درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء اور درگاہ حضرت امیر خسرو پر شام چار بجے چادر پیش کریں گے اور پاکستانی سفارتخانہ کے وفد اور زائرین کی دستار بندی ہو گی۔ عرس مبارک کی تقریبات 30 اپریل کو بعد نماز مغرب اختتام پذیر ہونگی۔ درگاہ شریف پر زائرین کا اژدھام ہے اور فضا پھولوں سے معطر اور حضرت امیر خسرو کے خوش رنگ کلام سے گونج رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن