لاہور/اسلام آباد/کوئٹہ (آئی ا ین پی+نمائندہ خصوصی) بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں 18 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ14 زخمی ہو گئے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں سے ہلاکتیں سوراب، پشین، چمن، ڈیرہ بگٹی، لورالائی اور کیچ میں ہوئیں اور طوفانی بارشوں سے صوبے میں 2040 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ14 شاہراہوں اور 3 پل بھی نقصان کی زد میں آئے۔ دوسری جانب بلوچستان بھر میں چار روز کے وقفے کے بعد بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، آج سے صوبے کے 25 اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں29 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ26 سے 28 اپریل تک جنوبی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارشیں ہوں گی۔ ترجمان کے مطابق لاہور سمیت مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہائوالدین، گوجرانوالہ، گجرات میں بارشیں ہوں گی۔ حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے ترجمان نے بتایا کہ جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، پاکپتن اور ساہیوال میں بھی بارشیں متوقع ہیں جبکہ بیشتر اضلاع میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو گی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ کسان گندم کی فصل کی کٹائی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں، شارجہ میں بارشوں کے سبب وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔ خلیجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ماہرین صحت نے شہریوں کو نلکے کا پانی استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 25 تا 29 اپریل کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 26 تا 27اپریل کے دوران بلوچستان نوشکی، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان،، گوادر، کیچ آواران کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔27 تا 28 اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال، مانسہرہ اور کوہستان کے مقامی ندی نالوں میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صوتحال متوقع ہے۔
بلوچستان بارش سے تباہی، 18 افراد جاں بحق، شارجہ میں وبائی امراض کا خدشہ
Apr 25, 2024