لاہور ( این این آئی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں اسکول کے 5 لاکھ بچوں کو ناشتہ فراہم کیا جائے گا، صوبے میں جتنے ہسپتال بننے جا رہے ہیں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوں گے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کے بچوں کو ناشتے کی فراہمی کا منصوبہ ایک دو ماہ میں شروع ہو گا۔ایمرجنسی پنک ہیلپ لائن اپنی نوعیت کا انوکھا منصوبہ ہے، یہ ہیلپ لائن صرف خواتین کے لیے نہیں تمام کمزور طبقوں کے لیے ہے، پنک ہیلپ لائن پولیس کے کنٹرول سسٹم سے منسلک ہو گا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جتنے ہسپتال بننے جا رہے ہیں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوں گے، ان میں نئی ٹیکنالوجی استعمال ہو گی، تمام بننے والی سڑکوں اور شاہراہوں کے دونوں طرف شجرکاری یقینی بنائی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا چالان ہو گا، پنجاب میں شجر کاری مہم اور مصنوعی بارش پر بھی کام ہورہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کا کوئی منصوبہ صرف فائل ورکس نہیں تمام پورے ہوں گے، مریم اورنگزیب نے خود اپنے لیے ماحولیات کا شعبہ منتخب کیا تھا۔