اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) رواں مالی سال 2023ء-24ء کے پہلے 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران پاکستان کو 9.8 ارب ڈالر کا قرض ملا۔ وزارتِ اقتصادی امور نے قرض کے اعداد و شمار جاری کر دئیے ہیں جن کے مطابق رواں مالی سال 2023-24ء کے پہلے 9 ماہ(جولائی تا مارچ) کے دوران پاکستان کو 9.8 ارب ڈالر کا قرض ملا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ملنے والے 7.8 ارب ڈالر قرض کے مقابلے میں2 ارب ڈالر کم ہے۔ رواں مالی سال کے دوران پاکستان نے 17.4 ارب ڈالر قرض لینے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ آئی ایم ایف سے ملنے والے 1.9 ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات سے ملنے والا ایک ارب ڈالر قرض اس کا حصہ نہیں ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال قرض کا ہدف 17.62 ارب ڈالر سے کم کر کے 17.4 ارب ڈالر کر دیا گیا ہے۔ رواں سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 6 کی بجائے 2 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے جبکہ پاکستان نے شرح سود زیادہ ہونے پر 1.5 ارب ڈالر کا یورو بانڈ جاری کرنے کا پروگرام بھی ملتوی کر دیا ہے۔
9 ماہ کے دوران پاکستان کو 9.8 ارب ڈالر قرض ملا: وزارت اقتصادی امور ڈویژن
Apr 25, 2024