پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج کاروبار کے دوران ایک اور بڑی چھلانگ دیکھی گئی ہے، دوران ٹریڈنگ ہنڈریڈ انڈیکس 72 ہزار 400 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔جمعرات کی صبح پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز انتہائی مثبت ہوا اور انڈیکس 72 ہزار400 کی بلند ترین سطح پر پہنچا۔ دوران ٹریڈنگ 100انڈیکس میں 350 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں کاروبار کے دوران نفع کمانے کے لیے کچھ حصص میں فروخت کا رجحان بھی دیکھا گیا، تاہم اس کے باوجود انڈیکس مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 692 پوائنٹس اضافے کے بعد 72050 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کی مختلف وجوہات ہیں تاہم سب سے بڑی وجہ تو وزیر خزانہ کا دورہ واشنگٹن ہے جس میں انھوں نے عالمی مالیاتی اداروں بشمول آئی ایم ایف حکام سے ملاقات کی جس کے بعد پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے ایک طویل مدتی پروگرام کے امکانات کافی بڑھ گئے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ان امکانات اور اس ضمن میں ہونے والے اعلانات نے سرمایہ کاروں میں اعتماد کو بحال کیا ہے جس کا اظہار سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔اس کے علاوہ ماضی قریب میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے متعلق اعلانات نے بھی بہتری کی راہ ہموار کی ہے۔