وفاقی وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ٹینٹوں کی ہے، وبائی امراض کی روک تھام کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔ 

قمر زمان کائرہ نے اسلام آباد میں سیلاب کی صورت حال پروفاقی وزیرصحت کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایا کہ لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور وفاقی اورصوبائی اداروں کے مابین بہتر کوآرڈی نیشن کیلئے نیشنل سٹئیرنگ کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی و صوبائی وزارت صحت اورڈونر ایجنسیز کا ایک اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی سطح پراس کمیٹی کے کوآرڈی نیٹیرزبھی مقرر کئے جائیں گے جو صوبائی حکومت کی ہدایت پرکام کریں گے، ہر ہفتے اس کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں مختلف معاملات پر غور ہوگا ۔ وفاقی وزیر نےکہا کہ وفاقی اور صوبائی وزارت اطلاعات وزارت صحت کے ساتھ ملکر سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کو بیماریوں سے متعلق آگاہ کرنے کیلئے مہم چلائیں گی، قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اس وقت کوٹری بیراج میں پانی کا بہاونولاکھ انیس ہزار چھ سو چیاسی کیوسک ہے جبکہ گدو اورسکھر بیراج میں پانی کی سطح میں کمی ہورہی ہے، انھوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں خیموں کی اشد ضرورت ہے اور امدادی اداروں کو بھی اس ضرورت سے آگاہ کردیا ہے، انھوں نے موسم کی صورتحال کے بارے میں کہاکہ آئندہ چھتیس گھنٹوں میں پنجاب، کشمیراورخیبر پختونخوا کے علاوہ  گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہونے کا امکان ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مخدوم شہاب الدین نے کہاکہ تمام صوبوں کو ایک ماہ کی ادویات مہیا کردی ہیں، انہوں نے کہا کہ زچگی کے دوران اوراس کے بعد کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ملک بھر میں ایک سو اسی کیمپس کام کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن