جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں پانی اترنے کے بعد لوگوں کی اپنے گھروں کو واپسی ، گیسڑو اوردیگروبائی امراض پھیلنے سے لاکھوں بچوں کی زندگیوں کوخطرات لاحق ہیں۔

Aug 25, 2010 | 13:35

سفیر یاؤ جنگ
جنوبی پنجاب کے اضلاع میانوالی،بھکر،لیہ،مظفرگڑھ ، ڈیرہ غازیخان اوررحیم یار خان میں پانی اترنے کے بعد زندگی کسی حد تک معمول پرآرہی ہے، متاثرین اپنے گھروں کو واپس پہنچنا تو شروع ہوگئے ہیں لیکن حکومتی امداد نہ ملنے کی وجہ سے وہ اپنے گھردوبارہ تعمیرکرنے کے قابل نہیں ۔ طبی مراکز اور ہسپتال زیرآب آنے کی وجہ سے لوگوں کو صحت کی سہولیات کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ لوگوں میں تیزی سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں اور خاص طورپربچے شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ عالمی ادروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس مسئلے کے حل کے لئے بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو وبائی امراض سے مرنے والوں کی تعداد سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی نسبت کہیں زیادہ ہوگی۔ رحیم یارخان، مظفرگڑھ،ڈیرہ غازیخان،لیہ،بھکراورمیانوالی کے ریلیف کیمپوں میں بھی لوگ وبائی امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔ ادھرکوٹ ادو اوردائرہ دین پناہ میں ہزاروں افراد نے امداد نہ ملنے پراحتجاج کیا اور مین شاہراہ کوہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے ان کے گھربار،کاروبار،مال مویشی سب کچھ تباہ ہوگیا، اب ان کے پاس سرچھپانے کے لئے بھی جگہ نہیں جبکہ ان کے بچے بھوک سے مر رہے ہیں۔ متاثرین نے الزام لگایا کہ مقامی جاگیرداراوران کے کارندے امدادی سامان لوٹ رہے ہیں ۔
مزیدخبریں