لاہور (کامرس رپورٹر) پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے گزشتہ روز اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا 2013۔2014ءکے لئے عبوری بجٹ منظور کر لیا ۔نگران چیئرمین نجم سیٹھی نے پریس کانفرنس کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ ایک مختصر بیان دیں گے مگر کوئی سوال جواب نہیں ہو گا۔انہوں نے عمر اکمل بارے پوچھے گئے سوال کا بھی کوئی جواب نہ دیا۔ ان سے بجٹ کی تفصیلات بتانے کے لئے کہا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں تفصیلات یاد نہیں ہیں تاہم میڈیا ڈیپارٹمنٹ بجٹ کی تفصیلات ریلیز کر دے گا مگر حیران کن طور پر بجٹ کی تفصیلات کو چھپا لیا گیا ۔ نجم سیٹھی نے بیان میں کہا کہ اجلاس میں بجٹ کے علاوہ پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ سیریز کے شارٹ ٹرم براڈ کاسٹنگ رائٹس دینے بارے بھی غور کیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ نگران چیئرمین رائٹس فروخت کرنے والی کمیٹی سے لاتعلق رہیں گے جبکہ پہلے سے اعلان کردہ احسان مانی کی قیادت میں بننے والی کمیٹی میں بورڈ آف گورنرز کے رکن محمد رفیق بوگیو کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں نامکمل فنانس اور آڈٹ کمیٹیاں بھی مکمل کی گئیں۔فنانس کمیٹی میں ہارون رشید کوسربراہ مقرر کیا گیا جبکہ دیگر ارکان میں جواد ساجد خان، سی ایف او شامل ہیں۔ آڈٹ کمیٹی میں مرزا ارشد سربراہ ہو نگے جبکہ دیگر ارکان میں قیصر خان جمالی اور منیجر آڈٹ شامل ہونگے۔
پی سی سی کا عبوری بجٹ 2013-14ءمنظور‘ تفصیلات بتانے سے انکار
Aug 25, 2013