لاہور(خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل، جماعت اہلسنّت، تحفظ ِ ناموسِ رسالت محاذ، سنی تحریک، منہاج القرآن علماء کونسل اور جے یو پی سمیت 35 اہلسنّت تنظیمات کے رہنمائوں نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا اسلام آباد پر چڑھائی کا اعلان ملک میں خانہ جنگی کروانے کی سازش ہے۔ حکومتی جماعت کی ریلیوں سے ٹکرائو، تصادم، اشتعال انگیزی اور محاذ آرائی بڑھے گی۔ مسلم لیگ ن اپنی ریلیاں منسوخ کرے۔ کالعدم تنظیموں کی حکومت کے حق میں ریلیوں سے حکمرانوں اور دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ ثابت ہو گیا ۔ راہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ سانحۂ ماڈل ٹائون کے شہداء کے ورثاء کی ایف آئی آر فی الفور درج کی جائے اور ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پریس کانفرنس کے شرکاء میں سنی اتحاد کونسل کے مفتی محمد حسیب قادری، جماعت اہلسنّت کے علامہ قاری فیروز صدیقی، تحفظ ِ ناموسِ رسالت محاذ کے مولانا محمد علی نقشبندی، سنی تحریک کے مولانا مجاہد عبدالرسول، منہاج القرآن علماء کونسل کے علامہ حاجی امداد اﷲ نعیمی، نیشنل مشائخ کونسل کے خواجہ غلام قطب الدین فریدی، جے یو پی نیازی کے پیر سیّد محمد معصوم نقوی، انجمن طلبائے اسلام کے محمد اکرم رضوی، جمعیت علمائے پاکستان نورانی کے مولانا حافظ نصیر احمد نورانی، پاکستان عوامی تحریک کے چوہدری ارشاد احمد طاہر، تحریک منہاج القرآن کے ممتاز احمد صدیقی اور دیگر بھی شامل تھے۔
فضل الرحمن کا بیان خانہ جنگی کرانے کی سازش ہے: اہلسنت تنظیمیں
Aug 25, 2014