کابل/ واشنگٹن/ اسلام آباد (این این آئی) امریکی وزارت دفاع نے بگرام جیل سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر افغان حکومت کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان لوگوں کو قانون کے مطابق امریکی مفادات کو خطرے کی وجہ سے پکڑا گیا تھا اور قانون کے مطابق ہی انہیں رہا کیا گیا ہے۔ امریکہ نے گزشتہ ہفتہ بگرام جیل سے نو پاکستانیوں کو بگرام جیل سے رہا کیا تھا جس پر افغان حکومت نے احتجاج کرتے ہوئے امریکہ سے وضاحت مانگی ہے۔ افغان صدارتی ترجمان ایمل فیضی نے میڈیاکو بتایاکہ افغان حکومت کونہیں بتایاگیاہے کہ پاکستانیوں کو کب گرفتاراورافغانستان منتقل کیاگیاتھا ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ نے یہ بھی یقین دہانی نہیں کرائی کہ رہاہونے والے پاکستانی دوبارہ افغان نہیں آئیں گے۔امریکی وزارت دفاع پینٹاگان نے کہاکہ پاکستانی شہریوں کو مناسب سیکورٹی یقین دہانی کے بعد پاکستان کے حوالے کیاگیاہے ۔وزارت دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل میلسکے گینزنے کہاکہ پاکستانی حکام نے رہائی پانے والے قیدیوں کے خلاف تحقیقات کابھی وعدہ کیاہے۔ رہاہونے والے پاکستانیوں کو جمعرات کو پاکستانی حکام کے حوالے کیاگیاجن سے اطلاعات کے مطابق تحقیقات کی جارہی ہیں ۔امریکی ذرائع کے مطابق پندرہ مزید پاکستانی اس وقت بگرام کی امریکی جیل میں قید ہیں۔ وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے پاکستانیوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ان کی رہائی تمام قیدیوں کو پاکستان لانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ امریکہ نے مئی کے مہینے میں بھی بگرام سے دس پاکستانیوں کو رہاکیاتھا۔