خیرپور+ قلعہ عبداللہ (ثناء نیوز+آئی این پی) خیرپور اور قلعہ عبداللہ میں ٹریفک حادثات، خواتین، بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق 15 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور میں مسافر بس اور وین کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔ واقعہ خیرپور میں فیض گنج کے علاقہ کوٹ لالو کے قریب پیش آیا جہاں کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس اور نواب شاہ سے سکھر جانے والی مسافر وین تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں۔ افسوسناک حادثہ میں 12 مسافر موقع پر ہی جاں بحق اور 15 شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی اور نعشوں کو فیض گنج اور کوٹ لالو کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ مقامی افراد نے امدادی کاموں میں حصہ لیا اور زخمیوں اور نعشوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ دونوں ڈرائیور بھی جاں بحق ہو گئے۔ علاوہ ازیں قلعہ عبداللہ میں ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیرعلی زئی میں قومی شاہراہ پر 2گاڑیوں میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں سرور خان، حیدر خان، صدو خان ولد محمد صدیق، عصمت اللہ، ناصر جاں بحق جبکہ عبدالرحمن شدید زخمی ہوگیا۔ تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے جو ضلع پشین کے علاقے کلی بادیزئی کے رہائشی ہیں۔
خیرپور اور قلعہ عبداللہ میں ٹریفک حادثات، 17 افراد جاں بحق 15 زخمی
Aug 25, 2014