لاہور (نامہ نگار) مزنگ کے علاقہ قرطبہ چوک میں مسلم لیگ (ن) کی استحکام پاکستان ریلی کے سلسلہ میں فلیکس لگاتے ہوئے کنٹینر الٹنے سے اس کے نیچے دب کر مسلم لیگ (ن) لاہور کا 30 سالہ نائب صدر ابوذر شیخ جاں بحق ہو گیا جبکہ مقامی بنک کے بورڈ، شٹر اور جنریٹر کو بھی نقصان پہنچا۔ قرطبہ چوک میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے نائب صدر و سدرنگ وژن کے چیف ایگزیکٹو شاہدرہ کے رہائشی ابوذر شیخ تشہیری فلیکس لگانے کے لئے کنٹینر پر چڑھ کر اس کا ناپ لے رہے تھے کہ اچانک کنٹینر الٹ گیا۔ پولیس نے ورثاء کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی سے انکار پر نعش ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و ممبر قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، صوبائی وزراء بلال یاسین، رانا مشہود، مجتبیٰ شجاع الرحمن ممبران اسمبلی غزالی بٹ، ماجد ظہور، چوہدری شہباز، رمضان صدیق بھٹی، خواجہ احمد حسان، سلمان رفیق، توصیف شاہ اور زعیم حسین قادری نے ابوذر شیخ کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے مرحوم مسلم لیگ (ن) کے جانثارکارکن تھے۔ انہوں نے پارٹی کے ہر حکم پر لبیک کہا اور ہر موقع پر کارکنوں کے ہراول دستے میں شامل رہے۔ انہوں نے پارٹی کیلئے ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔ ان جیسے کارکن ہماری جماعت کا اثاثہ ہیں۔ ان کا نام مسلم لیگ (ن) کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھاجائے گا۔
کنٹینر/ جاں بحق
مسلم لیگ ن لاہور کا نائب صدر ابوذر کنٹینر کے نیچے دب کر جاں بحق
Aug 25, 2014