علی بابا چالیس چور جمہوریت کی چھتری تلے سول ڈکٹیٹرشپ کے ریکارڈ توڑ رہے ہیں: مشرف

Aug 25, 2014

کراچی/ اسلام آباد (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے نواز زراری ملاقات پر کہا ہے کہ علی بابا چالیس چور آج جمہوریت کی چھتری کے نیچے اکٹھے ہو کر سول ڈکٹیٹرشپ کے تمام ریکارڈ توڑ رہے ہیں، شاہراہ دستور پر ان کی جمہوریت کے عملی مناظر قوم خود اچھی طرح سے دیکھ سکتی ہے، ملک بھر سے اپنے حقوق کیلئے آنے والوں کو دہشت گردی کے نام پر کنٹینرز لگا کر قید کر دیا گیا ہے، ہزاروں خواتین، بچے، بوڑھے، مرد و جوان پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، جمہوریت تو میرے دور میں تھی جب دو مرتبہ بلدیاتی و قومی الیکشن ہوئے، تمام حکومتوں نے ملکی  تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنی آئینی مدت پوری کی، مجھے ڈکٹیٹر کہنے والے جمہوریت کے ساتھ جو کچھ کر رہے ہیں پوری قوم سب دیکھ رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج یہ خود اپنے ہاتھوں ہی انجام کو پہنچ رہے ہیں۔ وہ ڈاکٹر محمد امجد اور اے پی ایم ایل کے سینئر نائب صدر میجر جنرل (ر) راشد قریشی سے  اتوار کو ٹیلی فونک بات  چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے پارٹی ذمہ داران کو پھر ہدایت کی کہ انقلاب مارچ  کے شرکاء کو پینے کا صاف پانی ناشتہ اور کھانا باقاعدگی سے مہیا کریں۔ ڈاکٹر امجد اور میجر جنرل راشد قریشی نے پاکستان عوامی تحریک کی قیادت کو پرویز مشرف کا اظہار یکجہتی کا پیغام بھی پہنچایا۔ عوامی تحریک نے پانی اور ناشتہ فراہم کرنے پر پرویز مشرف، ڈاکٹر محمد امجد اور میجر جنرل (ر) راشد قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
مشرف

مزیدخبریں