شوال+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/سٹاف رپورٹر) شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ لیفٹیننٹ کرنل فیصل ملک اور ایک فوجی جوان شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شوال میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھرپور کارروائی کرکے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ جوابی فائرنگ میں لیفٹیننٹ کرنل فیصل ملک اور ایک سپاہی شہید ہوا۔ واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز نے گزشتہ ہفتے شوال میں دہشت گردوں کے خلاف زمینی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ دریں اثناءوسطی اورکزئی ایجنسی کے علاقے چیئر مشتی میں پاک فوج اور لیویز نے مشترکہ سرچ آپریشن میں دہشت گردوں کے دو ٹھکانے تباہ اور دو دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ انتظامیہ اورکزئی ایجنسی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے زیراستعمال گاڑی، موٹرسائیکل قبضہ میں لے لی۔ شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹننٹ کرنل فیصل ملک، حویلیاں میں طویل عرصہ تک نوائے وقت کے نامہ نگار کی حثییت سے خدمات سرانجام دینے والے ملک عبدالرحمٰن کے صاحبزادے تھے۔ لیفٹننٹ کرنل فیصل ملک کی نماز جنازہ آرمی قبرستان راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔ ان کی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آج حویلیاں میں تدفین کی جائے گی۔ فیصل ملک کے والد ملک عبدالرحمٰن دس سال پہلے وفات پا چکے ہیں۔ شہید لیفٹیننٹ کرنل فیصل ملک نے ابتدائی تعلیم حویلیاں میں حاصل کی جس کے بعد انہوں نے آرمی ایوی ایشن کور میں کمیشن حاصل کیا۔
شوال/ جھڑپ
شوال : سیکورٹی فورسز سے جھڑپ لیفٹیننٹ کرنل سمیت دو شہید‘ چھ دہشت گرد ہلاک
Aug 25, 2015