لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس)اختر رسول کے استعفیٰ کے بعد اپنا مستقبل محفوظ سمجھنے والے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ جڑے افراد کی مشکلات ابھی ختم نہیں ہوئیں۔ فیڈریشن کے نامزد صدر بریگیڈئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں پی ایچ ایف کے موجودہ عہدیداروں کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق ہاکی فیڈریشن میں اگلی بڑی تبدیلی سیکرٹری رانا مجاہد علی خان کی رخصتی کی صورت میں ہو گی۔مصدقہ ذرائع کے مطابق حکومتی ذمہ داروں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لئے کرنل ریٹائرڈ مدثر اصغر کے نام پر اتفاق کیا۔ اب اگلے مرحلے میں سیکرٹری جنرل کی تبدیلی ہو گی۔ ساتھ ہی پاکستان ہاکی کے نئے چیف سلیکٹر،سینئر ٹیم مینجمنٹ، جونیئر ٹیم کی انتظامیہ سمیت اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ہر صوبے میں دو یا زیادہ سے زیادہ تین ہاکی اکیڈمیاں قائم کر کے نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین تربیت کا انتظام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شہباز سینئر کو بھی اہم ذمہ داری دی جائیگی۔