لاہور (نمائندہ سپورٹس) ماضی کو بھلا کر نئے عزم و حوصلے اور اور نئی سوچ کے ساتھ میدان میں اتروں گا۔ غلطی کی سزا بھگت لی۔ مشکل وقت گزار لیا ہے آئندہ تنازعات سے بچتے ہوئے کھیل کے میدان میں عمدہ کارکردگی سے ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار فاسٹ بائولر محمد آصف نے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ڈومیسٹک کرکٹ اور پھر قومی ٹیم میں شمولیت کا خواہشمند ہوں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر اپنی فارم اور فٹنس ثابت کرونگا۔ خبروں میں رہنا اچھا بھی لگتا ہے اور کبھی کوفت بھی ہوتی ہے کرکٹ سے مکمل علیحدگی کے بعد کتاب لکھوں گا۔ شوبز میں آنے کا فی بالحال کوئی ارادہ نہیں۔ اب پوری توجہ کھیل میں ہے۔ انہوں نے کہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد ملک میں ہو تو زیادہ بہتر ہے۔ دبئی میں کرکٹ کھیلنے کے لئے جا سکتا ہوں۔ قطر میں پاکستان سپر لیگ ہوئی تو وہاں بھی کھیل سکتا ہوں گزشتہ پانچ سال سے لاہور میں قیام پذیر ہوں تو لاہور کی طرف سے بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل سکتا ہوں جو وقت گزر گیا اس پر سوچنے کے بجائے مستقبل پر نظر ہے۔