لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ آج جمعرات سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ پہلا میچ کراچی وائٹس اورکراچی بلیو کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا، دوسرے میچ میں لاہور وائٹس کا مقابلہ لاہور بلیوسے ہوگا۔ پی سی بی ڈومیسٹک آفیئرز کمیٹی کے سربراہ شکیل شیخ کے مطابق ٹورنامنٹ کے میچز دو مقامات پر کھیلے جائیں گے ۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 25 اگست سے2 ستمبر تک جبکہ ملتان میں 5 ستمبر سے 16 ستمبر تک میچ کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے اور ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں کراچی وائٹس اور بلیو، لاہور وائٹس اور بلیو، اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی اور فاٹا شامل ہیں۔ شکیل شیخ نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان قومی ٹیم کی انٹرنیشنل مصروفیات کو دیکھ کر کیا گیا اور ہماری کوشش بھی تھی کہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز سے پہلے قومی کھلاڑیوں کو اس مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنے کا موقع دیتے تاہم ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔ انگلینڈ میں مصروف کھلاڑی ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں ایکشن میں دکھائی دینگے۔
قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ آج سے راولپنڈی میں شروع
Aug 25, 2016