لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد اور نائب صدر ناصر سعید نے آبی وسائل سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے میں تیزی سے سنجیدگی سے کام کرنا خوش آئند ہے لیکن بجلی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے توانائی کی پیداوار کے منصوبے کم سے کم مدت میں مکمل کرنا ہونگے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شراکت بہترین نتائج دے سکتی ہے لہذا حکومت اس شعبے میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے۔