لاہور/ کاہنہ (نامہ نگار + سٹاف رپورٹر) لاہور کے علاقوں شفیق آباد اورشادباغ میں 2 افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ کاہنہ میں بھابھی کو مار کر ملزم نے بیوی اور خود کو چھری مار کر زخمی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شفیق آباد کے علاقے مالی پورہ مین بازار میں 2 بچوں کا باپ غلام نبی پان سگریٹ کی دکان چلاتا تھا۔ گزشتہ روز وہ دکان پر بیٹھا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے آکر فائرنگ کردی جس سے وہ دم توڑ گیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں شادباغ میں بھگت پورہ کے رہائشی بلال کی محلہ دار ثاقب سے کسی بات پر تلخ کلامی ہوگئی جس پر ثاقب اور نامعلوم شخص نے اس پرفائرنگ کردی جس سے بلال شدید زخمی ہوگیا اور ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں کاہنہ کے رہائشی ریاست علی کا اپنی بیوی شمیم بی بی جو لیڈی ہیلتھ ورکر ہے، کے ساتھ آئے روز جھگڑا رہتا تھا گذشتہ روز بھی کسی بات پر دونوں میں جھگڑا ہو گیا تو ملزم نے طیش میں آکرچھریوں کے وار کرکے بیوی شمیم کو زخمی کر دیا جس کو بچانے کیلئے اسکی بھابی پروین جو رشتے میں شمیم کی سگی بہن بھی لگتی ہے آئی تو ملزم نے اسے بھی چھریوں کے پے درپے وار کرکے شدید زخمی کر دیا دونوں کو زخمی کرنے بعد ملزم نے خود کو بھی چھریاں مار کر زخمی کر لیا۔ تینوں کو طبی امداد کیلئے جنرل ہسپتال داخل کر ا دیا جہاں پروین بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ گئی جبکہ شدید زخمی ملزم اور اسکی بیوی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔