امریکہ اور اقوام متحدہ کی وارننگ نظر انداز شمالی کوریا نے ایک اوربیلسٹک میزائل کا تجربہ کرلیا

پیانگ یانگ (آن لائن + اے ایف پی) امریکہ اور اقوام متحدہ کی وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کردیا جبکہ امریکہ نے شمالی کوریا کی جانب سے آبدوز کے ذریعے بیلسٹک میزائل کے تجربے کی مذمت کی ہے۔شمالی کوریا کی خبر ایجنسی نے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے حوالے سے کہا ہے کہ میزائل سی آف جاپان میں ایک آبدوز سے داغا گیا۔ میزائل مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے داغا گیا۔ شمالی کوریا نے میزائل کا تجربہ امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے آغاز کے دو دن بعد کیا۔شمالی کوریا نے یہ تجربہ ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب جاپان، چین اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ ٹوکیو میں ملاقات کر رہے ہیں۔امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا نے سنپو کے سمندری علاقے میں موجود آبدوز سے ’کے این 11‘بیلسٹک میزائل فائر کیا۔حکام کا کہنا ہے کہ میزائل نے تقریباً پانچ سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور بحیرہ جاپان میں گر گیا۔جنوبی کوریا کی یونہپ نیوز ایجنسی کے مطابق بیلسٹک میزائل جاپان کی فضائی دفاع کی طے کردہ حدود کے اندر گرا۔شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کے تجربات کر چکا ہے اور اقوام متحدہ نے اس پر بیلسٹک میزائل کے تجربات پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم حالیہ کچھ عرصے میں شمالی کوریا نے لگاتار میزائل کے ٹیسٹ کئے ہیں۔شمالی کوریا نے گذشتہ ماہ بھی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اپنے خدشات کا اظہار اقوام متحدہ میں کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن