اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ)نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں این ایچ اے کے مالی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چائنہ۔پاک اکنامک کاریڈور کے مغربی روٹ کے ہکلہ۔ڈیرہ اسماعیل خان سیکشن کے پیکج 2-D کی تعمیر کا کام ایوارڈ کرنے کی منظوری دی گئی۔ رحمانی خیل اور کوٹ بیلیاں کے درمیان واقع اس پیکج کی لمبائی 13.4 کلومیٹر ہے ۔ 4 لین پر مشتمل اس موٹروے کی چوڑائی 7.3 میٹر ہوگی اور موٹروے کے ساتھ رائٹ آف وے کی چوڑائی 100 میٹر ہوگی۔ اس منصوبے پر 4 ارب 44 کروڑ روپے سے زائدلاگت آئے گی ۔ اجلاس میں انڈس ہائی وے پرسیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا کام ایوارڈ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔اس منصوبے کے تحت فاضل پور۔تونسہ کے درمیان 9.67 کلومیٹر سڑک کی بحالی کے ساتھ 3 نئے پل بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔
ہکلہ ڈیرہ سیکشن منظوری