2013ءکے مقابلہ میں آج کا پاکستان زیادہ پرامن اور محفوظ ہے : شہباز شریف

لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ملکی مسائل بہت حد تک حل کئے گئے ہیں اور 2013 کے مقابلے میں 2017 کا پاکستان پرامن اور محفوظ ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے اتفاق رائے سے کئے جانےوالے فیصلوں کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ کامیابیاں ملی ہیں اور دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پاکستانی قوم کا عزم غیر متزلزل ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیاں بے مثال ہیں اور ان لازوال قربانیوں کے باعث وطن عزیز میں امن قائم ہو رہا ہے۔ دہشت گردی و انتہاپسندی پاکستانی قوم کا مقدر نہیں، انشا¿اللہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل صفایا کرکے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ترقی کا تعلق براہ راست معاشی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل میں ہے۔ 4 برس کے دوران حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کے باعث معیشت مستحکم ہوئی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے ۔معیشت کی مضبوطی کےلئے ہماری حکومت کی مخلصانہ کاوشیں رنگ لائی ہیں۔ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور آج پاکستان پہلے کے مقابلے میں معاشی طور پر مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کےلئے دن رات ایک کر رکھا ہے اور آخری سانس تک عوام کی خدمت کے ایجنڈے پر کام کرتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کا دور حکومت تعمیر وترقی کے حوالے سے تاریخ ساز ہے۔ جدید انفراسٹرکچر تیز رفتار ترقی کیلئے ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں اربوں روپے کی لاگت سے انفراسٹرکچر کو بہتر کیا گیاہے۔ ” خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت دیہی علاقوں میں ہزاروں کلومیٹر کارپٹڈ سڑکیں بنائی گئی ہیں۔دیہی معیشت کے فروغ کیلئے یہ منصوبہ ایک گیم چینجر ثابت ہوا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپٹڈ دیہی سڑکیں بننے سے دیہی آبادی کو آمد و رفت کی بہتر سہولتیں میسر آئی ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن