بیورو چیف: طاہر منیر طاہر
متحدہ عرب امارات کی ساتوں ریاستوں میں بے شمار لوگ ہزارہ اور اردگرد کے علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں اور یہاں مختلف النوع کام سرانجام دے رہے ہیں۔ ہزارہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لئے ’’ہزارے وال اوورسیز پاکستانیز فورم‘‘ قائم کیا ہے جس کا سہرا اس کے فاؤنڈر راجہ ابوبکر آفندی کے سر ہے جنہوں نے ہزارے وال کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ ہزارے وال اوورسیز پاکستانیز فورم کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے مل جل کر کوشش کرنا ہے۔ پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر ہزارے وال فورم نے دوبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں جشن آزادی منایا جس میں قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کے کمرشل قونصلر ڈاکٹر ناصر خاں بھی موجود تھے جبکہ دیگر شرکاء میں یاسر خاں تنولی، طارق محمود اعوان، سہیل اعوان، راجہ ندیم، اکرم تنولی، عاشق، نیاز علی جدون، بنارس خاں تنولی، بابر خان، بختاور خان، آصف خان، ظہیر الدین، صابر خان اور شکیل تنولی کے علاوہ سینکڑوں لوگ شامل تھے۔ اس موقع پر یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ایک دوسرے کو مبارکبادیں دی گئیں۔ جبکہ پاکستانی ملی نغموں پر ہزارہ ڈویژن کا مخصوص رقص بھی پیش کیا گیا جسے حاضرین محفل نے بے حد پسند کیا۔ اس موقع پر مقررین نے تقاریر کرتے ہوئے حصول پاکستان کی کوششوں اور دی گئی لاکھوں قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ ہمیں حصول پاکستان کے دوران کام آنے والے شہیدوں کو یاد رکھنا چاہیے اور تجدید عہد کرنا چاہئے کہ کن مقاصد کے حصول کے لئے یہ خطہ پاک حاصل کیا گیا تھا۔ پاکستان ہمارے اسلاف کی قربانیوں کا ثمر ہے جس کی ہمیں حفاظت اور قدر کرنی چاہیے۔ ہر پاکستانی کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے تحفظ سالمیت اور مضبوطی کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔