سعودی شہر مکہ المکرمہ میں حج سے پہلے عسکری قوت کا شاندار مظاہرہ شاہ سلمان نے پریڈ کا معائنہ کیا

مکہ مکرمہ‘ دوحہ‘ نجامینا(آن لائن+ این این آئی+ اے ایف پی)سعودی شہر مکہ المکرمہ میں حج سے پہلے عسکری قوت کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ شاہ سلمان نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ فوجیوں نے شاہ سلمان کے نام کی فارمیشن بنا کر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ سعودی فرماں روا شاہ سلمان، وزیرداخلہ محمد بن نائف اور دیگر اہم عہدیداروں نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ سعودی سپیشل فورسز اور اینٹی ٹیررازم فورسز نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ٹینکوں اور ملٹری گاڑیوں کی نمائش بھی کی گئی۔ ادھر افریقی مسلم ملک چاڈ نے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے، دارالحکومت نجامینا میں اس کا سفارت خانہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے سفارت کاروں کو10 روز میں ملک سے چلے جانے کا حکم دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چاڈ نے قطر پر خود کو لیبیا کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔اس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ قطری ریاست کی جانب سے لیبیا سے چاڈ کو مسلسل عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے چاڈ قطر پر یہ زور دیتا ہے کہ وہ ایسے تمام اقدامات اور کارروائیوں سے دستبردار ہوجائے جو اس ملک اور ساحل کے دوسرے ممالک کی سلامتی کے لیے خطرات کا موجب ہوسکتے ہیں۔ دوحہ میں چاڈ کے سفارتی مشن کو بند کر دیا جائے گا اور وہاں سے سفارت کاروں کو واپس بلا یا جارہا ہے۔قطری حکام نے اس فیصلے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے جبکہ قطر نے سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کے باوجود ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔ قطر نے بھی چاڈ کے سفارتخانے کو بند کرکے عملے کو 72 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان احمدین سعید نے الزامات مسترد کر دیئے ہیں۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ایران کے ساتھ ہر سطح پر اپنے دو طرفہ سفارتی تعلقات بحال کرتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ قطری سفیر بہت جلد واپس تہران جائیں گے۔ قطر نے گذشتہ برس سعودی عرب میں ایک شیعہ عالم کو سزائے موت دیے جانے کے بعد ایران میں دو سعودی سفارتکاروں کے قتل پر ریاض سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تہران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا۔
چاڈ/قطر

ای پیپر دی نیشن