پاک فوج میں اعلی سطح پر تقررو تبادلے لیفٹینٹ جنرل ہمایوں عزیز کورکمانڈر کراچی‘ بلال اکبر راولپنڈی‘ نعیم اشرف ملتان تعینات

Aug 25, 2018

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ملک میں نئی حکومت قائم ہونے کے بعد پہلی بار نئے کور کمانڈروں کی تعیناتی سمیت بری فوج کے اعلیٰ افسروں کے تبادلے کئے گئے ہیں۔ تبادلوں کے اس فیصلہ کے تحت لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز کو کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو کور کمانڈر راولپنڈی اور لیفٹیننٹ جنرل محمد نعیم اشرف کو کور کمانڈر ملتان مقرر کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو چیف آف جنرل سٹاف مقرر کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کو انسپکٹر جنرل کمیونیکشنز اینڈ آئی ٹی اور لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ ڈوگر کو چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا مقرر کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ نئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز اس سے قبل انسپکٹر جنرل کمیونیکشنز اینڈ آئی ٹی تھے جبکہ آئی جی کمیونیکشنز بننے والے لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کور کمانڈر کراچی کے عہدے پر تعینات تھے۔ نئے کور کمانڈر راولپندی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر اس سے قبل چیف آف جنرل سٹاف تھے جبکہ ان کی جگہ چیف آف جنرل سٹاف بننے والے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کور کمانڈر راولپنڈی کے عہدے پر تعینات تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد نعیم اشرف اس سے قبل چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا تھے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ ڈوگر کور کمانڈر ملتان کے طور پر ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔
کور کمانڈر

مزیدخبریں