لاہور/ نارووال/ کراچی (اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگار+ ایجنسیاں) لاہور سمیت ملک بھر میں قوم نے بدھ کو عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام کے ساتھ سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کرتے ہوئے منائی۔ مساجد میں دن کا آغاز امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور ملک کے تحفظ، سلامتی، ترقی و خوشحالی کی دعاﺅں سے ہوا۔ شہروں، قصبوں اور دیہات کی عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر عید کی نماز کے اجتماعات ہوئے۔ علماءو مشائخ نے دن کی اہمیت و مناسبت سے قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔ وفاقی دارالحکومت میں نماز عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں اسلام آباد میں موجود وفاقی وزرائ، سیاستدانوں اور ارکان پارلیمنٹ، اسلامی ممالک کے سفیروں اور ممتاز شخصیات نے نماز عید ادا کی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے عیدالاضحی کی نماز سٹیٹ گیسٹ ہاﺅس کراچی میں ادا کی۔ صدر مملکت نے نماز عید کے بعد ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔ نمازعید کے بعد صدر مملکت لوگوں میں گھل مل گئے اور لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔ لاہور میں عید کی نماز کے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد‘ داتا دربار‘ منٹو پارک‘ بحریہ ٹاﺅن‘ ڈی ایچ اے‘ مغلپورہ‘ اسلام پورہ‘ اچھرہ، ریس کورس، جناح باغ اور دیگر علاقوں میں ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عیدالاضحی کی نماز صوبائی دارالحکومت لاہور کے ریس کورس پارک میں ادا کی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عید الاضحی کی نماز ماڈل ٹاﺅن میں اپنے صاحبزادوں کے ہمراہ ادا کی۔ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادوں حمزہ شہباز، سلمان شہباز نے عید کی نماز ماڈل ٹاﺅن میں ادا کی۔ شہباز شریف اپنے ملازمین اور سکیورٹی سٹاف سے عید ملے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ اور ایم این اے حلقہ این اے 78احسن اقبال چوہدری نے عیدکی نماز مسجد دربار چن پیر میں ادا کی نماز ادائیگی کے بعد وہ عوام کے ساتھ گھل مل گئے اور لوگوں کے گلے مل کر عید کی مبارک دی۔ سابق وفاقی وزیر نے سنت ابراہیمی اپنے آبائی گاﺅں موضع فتووال مشتاق باغ میں ادا کی۔ دریں اثنا چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ یاورعلی سمیت اعلیٰ عدلیہ کے ججز اور سینئر وکلاءکی اکثریت نے لاہور میں عید منائی۔ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس عمر عطا بندیال اور عظمت سعید شیخ، جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس سید منصور علی شاہ نے لاہور میں نماز عید پڑھی اور قربانی کی۔ لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس انوارالحق، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس امیر بھٹی، جسٹس سردار شمیم خان، جسٹس مامون رشید شیخ، جسٹس فرخ عرفان، جسٹس شاہد وحید، جسٹس لاہور ہائیکورٹ عائشہ اے ملک ، جسٹس عاطرمحموداور جسٹس طارق افتخار احمد نے بھی لاہور میں عید منائی۔جسٹس عبادالرحمان لودھی، جسٹس قاضی امین احمد، جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس راجہ شاہد عباسی راولپنڈی میں اور جسٹس شاہد بلال حسن ،جسٹس محمد قاسم خان، ممبر پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمان چوہدری سعودی عرب میں جبکہ جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے اسلام آباد میں عیدمنائی۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ راﺅ عبدالجبار، سیکرٹری ٹوچیف جسٹس افضال فضل کھوکھر، ڈپٹی رجسٹرار ہائیکورٹ ظہور حسین کھرل، چیف سکیورٹی آفیسر ہائیکورٹ ایس پی آفتاب پھلروان، جسٹس شاہد جمیل خان، جسٹس سردار احمد نعیم، جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس مزمل اختر، سابق صدر سپریم کورٹ بار اعتزاز احسن، حامد خان ایڈووکیٹ ، سابق صدر پاکستان ٹیکس بار محسن ورک، چیئرمین لیگل ایجوکیشن کمیٹی ہائیکورٹ بار حسیب اللہ خان، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ذوالفقار چوہدری، عبدالرحمان انصاری، میاں عبدالقدوس، اصغر گل، سابق سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ارشد اعوان، سابق وائس چیئرمین پاکستان بار برہان معظم ملک اور ممبر پاکستان بار مقصود بٹر نے بھی عید لاہور میں منائی۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ کے حلقے این اے 200 پر کامیابی کے بعد اپنی پہلی عید لاڑکانہ کے بجائے دبئی میں منائی جبکہ عید سے تین روز قبل ہی بلاول بھٹو زرداری دبئی کے لئے روانہ ہوئے تھے۔
عید منائی گئی