کراچی(آئی این پی) پولیس کو متحرک رکھنے کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری ہے اور ایک تھانے میں غیر حاضری پر انہوں نے 8 اہلکاروں کو معطل کردیا۔ترجمان پولیس کے مطابق کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے ضلع غربی اور سٹی کے تھانوں کا اچانک دورہ کیا جہاں موچکو تھانے سے غیر حاضر 8 اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ترجمان کا کہنا تھا تھانہ موچکو کے مورچے میں تعینات اہلکار کے سو جانے پر ایڈیشنل آئی جی نے شدید اظہار برہمی کیا اور ریکارڈ مرتب رکھنے پر ہیڈ محرر رانا اجمل کو انعام بھی دیا۔ایڈیشنل آئی جی نے موچکو چیک پوسٹ پر تعینات پولیس ملازمین کو ذاتی حیثیت میں ناشتہ کرایا۔ اہلکاروں کے مسائل سنے اور پولیس ملازمین کو نقد انعامات دیے۔ڈاکٹر امیر شیخ نے مرکزی شاہراہ پر پولیس کی جانب سے شہریوں کو روکنے کے طریقہ کار کا جائزہ بھی لیا۔