لاہور(سپورٹس رپورٹر)وزیراعظم عمران خان کی نامزد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی سے ملاقات ہوئی جس کے دوران کرکٹ بورڈ کے معاملات پربات ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے احسان مانی کو پاکستانی کرکٹ میں بہتری کیلئے اپنے پلان سے آگاہ کیا۔عمران خان نے احسان مانی کو ہدایت کی ہے کہ پی سی بی کے تمام معاملات کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور بورڈ کو بہتر انداز میں چلایا جائے۔احسان مانی نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں کرکٹ کے امور زیر بحث آئے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بننے کے لیے مجھے الیکشن لڑنا ہوگا، امید ہے کہ گورننگ بورڈ کے ارکان میرے حق میں ووٹ دیں گے۔ احسان مانی نے کہا کہ چیئرمین منتخب ہوا تو عمران خان اور پاکستانی عوام کو مایوس نہیں کروں گا۔ ملاقات کے دوران مستعفی گورننگ بورڈ ممبر عارف اعجاز کی جگہ نیا رکن لانے پر بھی مشاورت کی گئی اور طے پایا کہ پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کی خالی اسامیوںپر تقرریاں کی جائیں گی۔خیال رہے کہ نجم سیٹھی کی جانب سے بطور پی سی بی چیئرمین استعفے کے بعد پیر کو عمران خان نے احسان مانی کو کرکٹ بورڈ کے لیے نامزد کیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے ممبرز کی تعداد 10 ہے جس میں دو براہ راست وزیراعظم یعنی پی سی بی کا پیٹرن مقرر کرتا ہے جبکہ دیگر 8 ریجنز اور ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منتخب ہوکر بورڈ کا حصہ بنتے ہیں۔پی سی بی کے آئین کے مطابق چیئرمین پی سی بی کا عہدہ خالی ہونے کے چار ہفتوں کے اندر انتخابات کروانے ہوتے ہیں۔ ملاقات میںوزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ اور پی سی بی کو سیاسی مداخلت نے بْری طرح متاثر کیا ہے۔ میں آپ کو مکمل اختیار دوں گا اور مجھے اچھے نتائج کی توقع ہے کیوں کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، ہمیں تھوڑی محنت کرنا ہوگی جبکہ ہم میرٹ لاکر سیاسی مداخلت کو روکیں گے اور پی سی بی کومثالی ادارہ بنائیں گے۔ عمران خان نے احسان مانی کو ہدایت کی ہے کہ پی سی بی کے تمام معاملات کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور بورڈ کو بہتر انداز میں چلایا جائے۔