لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے قومی کھلاڑیوں نے انگلینڈ ویزا کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔ ویمنز کرکٹ ٹیم کے متوقع کھلاڑیوں نے لاہور کے ویزا سنٹر میں اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔ پی سی بی ویمن ونگ کے سینئر جنرل منیجر شاہد اسلم نے بتایا کہ دورہ بنگلہ دیش، آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ چیمپیئن شپ اور ٹی ٹونٹی عالمی کپ ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کی متوقع کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 10 ستمبر سے لاہور میں لگایا جائے گا جس کے بعد قومی ویمنز ٹیمم بنگلہ دیش روانہ ہو جائے گی جہاں 28 ستمبر سے 10 اکتوبر تک چار ٹی ٹونٹی اور ایک ون ڈے میچ میں حصہ لے گی۔ بنگلہ دیش سے پاکستان ویمنز ٹیم ملائیشیا روانہ ہو جائے گی جہاں وہ آسٹریلیا کے خلاف آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ کے دو میچز میں شرکت کرئے گی۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ملائیشیا سے براہ راستہ انگلینڈ ویسٹ انڈیز روانہ ہو جائے گی۔ جہاں 9 سے 24 نومبر تک منعقد ہونے والے ٹی ٹونٹی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کرئے گی۔