دشمن کی سازشوں سے نمٹنے کیلئے جذبہ ابراہیمیؑ کی ضرورت ہے: حافظ سعید

Aug 25, 2018

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں مسلم خطوں و علاقوں کو نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ دشمن کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے جذبہ ابراہیمی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں علیحدگی کی تحریکیں پروان چڑھانے کیلئے دشمنان اسلام کروڑوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔ ہم وطن عزیز کو ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ ملکی ترقی و استحکام کیلئے ابراہیم علیہ السلام کی سیرت اپنانا ہو گی۔ قذافی سٹیڈیم میں نماز عید الاضحی کے بڑے اجتماع سے خطاب اور جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوںنے کہاکہ قربانی ایک ایسے اولوالعزم پیغمبر سے منسوب ہے جس کی ساری زندگی اللہ کے راستے میں قربانیوں میں گزر گئی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اگر اپنی جوانیاں اسلام کے لیے وقف کرنا چاہتے ہیں تو اسماعیل علیہ السلام کی طرح قربانی دینے والے بن جائیں۔ مفادات کی سیاست سے کوئی ترقی نہیں ملے گی۔ ہمیں ترقیاں حاصل کرنے کیلئے ابراہیم علیہ السلام کی زندگی اپنانا ہو گی۔ جب پوری امت کی تربیت قربانی والی ہوگی اور سب سے زیادہ قربانی دینے والا ملک کا وزیر اعظم بنے تو پھر قوم ترقی کرے گی۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ مسلمان اپنی زندگی دین اسلام کے مطابق بسر کریں اور پاکستان کو درپیش اندرونی وبیرونی سازشوں کے مقابلہ کیلئے اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کی فضا پیداکرتے ہوئے جرأت و استقامت کا راستہ اختیار کریں۔ انہوںنے کہاکہ دشمنان اسلام اس وقت مسلمانوں کودین سے دور کرنے اورمسلم خطوں و علاقوں کو نقصان پہنچانے کی خوفناک سازشیں کر رہے ہیں۔ اسی طرح اسلام کی پھیلتی ہوئی دعوت دیکھ کر شان رسالتﷺ میں گستاخیوں کا ارتکاب کیا جارہا ہے۔ ان حالات میں مسلم دنیا کا باہم متحد ہوکر اسلام و مسلمانوں کے دفاع کیلئے کردار ادا کرنا بہت ضروری ہے۔

مزیدخبریں