لاہور (خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی تین بیٹیاں ہیں، انکی اہلیہ تونسہ کے کالج میں تاریخ پڑھاتی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی اہلیہ اور بچے سی ایم ہاﺅس سے بالکل بھی متاثر نہیں ہوئے اور اپنے آبائی گھر (تونسہ) جانے کے شدید خواہشمند ہیں۔ اگرچہ عید پر بھی مصروفیات کی وجہ سے وہ اپنے آبائی گھر نہیں جا سکے تاہم اس کیلئے بہت بے تاب رہے۔ جی او آر لاہور میں 2 کمروں کے گھر میں رہائش پذیر سردار عثمان بزدار نے بتایا کہ وہ پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ان کا علاقہ کتنا خوبصورت ہے اور وہ کتنی سادگی سے رہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انکے علاقے کے لوگ اتنے سادہ ہیں کہ انہوں نے سب سے پہلے ہیلی کاپٹر اس وقت دیکھا جب پرویز الٰہی نے بطور وزیراعلیٰ انکے علاقے کا دورہ کیا تھا۔ اس سے پہلے کوئی وزیراعلیٰ کبھی انکے علاقے میں نہیں آیا تھا۔ (انہوں نے پرویز الٰہی کے بارے میں کہا کہ وہ انہیں اپنا بزرگ سمجھتے ہیں)۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انکے علاقے میں جلد ہی بجلی آ جائے گی اور ترقی سے بہت تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اپنے علاقے اور پورے جنوبی پنجاب کیلئے سکول، ہسپتال اور صاف پانی انکی ترجیحات ہیں۔ سردار عثمان بزدار کھانے سے قبل دعا کرتے ہیں، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور دوست احباب کیلئے بھی دعا کرتے ہیں۔ وہ ہر کام شروع کرنے سے قبل دعا کے قائل ہیں۔ انہوں نے ارادہ ظاہر کیا کہ وہ غیرقانونی کاموں کو روکنے کیلئے ہر رات نکلا کریں گے اور چھاپے مارا کرینگے۔ ہر روز سرکاری دفاتر میں عوام کو درپیش مشکلات کا جائزہ لینے اور انکے حل کیلئے اپنی پرائیویٹ کار میں عام شہری بن کر جائزہ لینے نکلا کرینگے۔ لوگ ابھی انکے چہرہ شناس نہیں ہیں جس کا سرکاری دفاتر کے دوروں اور رات کو چھاپوں میں ان کو بہت فائدہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ وزیراعظم عمران کے ویژن کے مطابق ان سے ملکر نیا پاکستان اور نیا پنجاب بنانا چاہتے ہیں ان کے لئے انکے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور ایسے لوگ بلاروک ٹوک ان سے ہر وقت مل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے نمائندے ہیں اور اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ وہ وزیراعظم عمران کی طرف سے دیا گیا ٹاسک پورا کرنے کیلئے صبح سے رات گئے تک کام کر رہے ہیں اور مصروفیت کی وجہ سے ایک وقت کے کھانے کیلئے بھی وقت نکالنا مشکل ہو جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ بزدار نے آخر میں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ جس سادگی سے سی ایم ہاﺅس آئے ہیں اسی سادگی سے رہیں گے اور اس حوالے سے کچھ بھی تبدیل نہیں ہو گا۔
وزیراعلیٰ بزدار