لاہور + فیروزوالہ (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمان کے اپیل پر ملک بھر میں جمعہ اور عید کے اجتماعات میں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئی اور کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جے یو آئی کے مر کزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان نے کہاکہ مسلمان توہین رسالت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، ہا لینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ مسلم امہ کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے، حکومت ہالینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرے۔ مولانا امجد خان نے کہاکہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں پر مسلم حکمران جرأت مندانہ مؤقف اپنائیں اور یو این او تماشہ دیکھنے کے بجائے قانون بنائے جس میں ہر پیغمبر کی شان میں گستاخی کو جرم اور اس کی سزا موت مقرر کرے۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر عید کے اجتماعات میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ قرار دادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ ہالینڈ کا سفارتی بائیکاٹ کیا جائے اور اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس پاکستان میں بلایا جائے۔ مسلم حکمران متحد ہو کر گستاخانہ خاکوں کے مقابلے رکوانے کے لئے ہالینڈ پر مشترکہ دباؤ ڈالیں۔ عید کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کرانے کا اعلان دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے عقیدے اور ایمان پر حملہ ہے۔ فیروزوالہ، شرقپور اور راوی پار کے علاقے میں مذہبی تنظیموں اور شہریوں نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اورمظاہرین نے کہا کہ پاکستاناور اسلامی ممالک ہالینڈ کی حکومت کے خلاف بیان بازی کی بجائے سخت ایکشن لیں جب کہ دنیا بھر کے مسلمان اس قسم کے اقدامات کو ہرگز برداشت نہیں کر سکتے۔
گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے، نمازجمعہ میں مذمتی قراردادیں
Aug 25, 2018