او آئی سی کا اسرائیل پر مقبوضہ علاقے خالی کرنے پر زور

Aug 25, 2019

اسرائیل مقبوضہ علاقے خالی کر دے۔ مسلم امہ فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے۔ او آئی سی: القدس کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ عالمی برادری مسجد اقصیٰ کو تحفظ فراہم کرے: عرب لیگ کا مطالبہ۔
فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل من مانی کارروائیوں کے زور پر علاقوں کی اصل ہیئت تبدیل کرنے کے اپنے مکروہ منصوبوں پر عرصہ دراز سے عمل پیرا ہے۔ خاص طورپر بیت المقدس کے اردگرد کھدائی اور یہودی بستیوں کی تعمیر جیسے اقدامات پر صرف مسلم امہ ہی نہیں‘ دنیا کے دیگر انصاف پسند ممالک اور اداروں نے بھی اسرائیلی اقدامات کی مذمت کی ہے مگر وہ باز نہیں آرہا۔ اب او آئی سی نے مسلم امہ اور عرب ممالک پر پھر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی دامے درمے سخنے بھرپور امداد جاری رکھیں۔ افسوس کی بات یہی ہے کہ مسلم امہ متحد نہیں۔ اگر او آئی سی کے پلیٹ فارم سے یہ 56 اسلامی ممالک کا اتحاد ایک مضبوط بلاک کی شکل اختیار کر لے تو دنیا بھر کے معدنی وسائل اور تیل کی دولت اور افرادی قوت سے مالامال یہ ممالک طاقت بہت جلد کشمیری اور فلسطینی عوام کو ان کے حقوق دلوانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔یہ مسلم امہ کی بے عملی اور انتشار کا نتیجہ ہے کہ آج اسرائیل اور بھارت کے ہاتھوں فلسطینی اور کشمیری بدترین مظالم کا شکار ہیں اور اپنی آزادی کی جنگ نہتے ہاتھوں لڑ رہے ہیں۔

مزیدخبریں