فضل الرحمنٰ نے اسلام آباد کی طرف پیش قدمی کی تو لوگ خود ہی روک لیں گے: اعجاز شاہ

Aug 25, 2019

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد کی طرف پیش قدمی کی تو لوگ انہیں خود ہی روک لیں گے۔ کنٹینر اور پانی انہیں فراہم کیا جائے گا جو پراپرٹی کو نقصان نہ پہنچائیں۔ قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرنے والوں کو یہ سہولت ملے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کنٹینر اور پانی پرامن دھرنے والوں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تو چھترول ہو گی۔ پرامن آنے والوں کو خوش آمدید کہیں گے۔ ہم کہتے ہیں یہ آئیں اپنی موت خود مریں گے۔ انہیں عوام خود روکے گی۔ مولانا فضل الرحمنٰ و دیگر اٹک بھی کراس نہیں کر سکیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ کر رہا ہے اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے وہ زمانہ چلا گیا جب دو ملک جنگ لڑتے تھے اور باقی ملک سائیڈ پر تالیاں بجاتے تھے۔ ہماری حکومت کشمیریوں کو مایوس نہیں کرے گی۔ ایک سوال پر کہا ایم کیو ایم کے لوگ ہمارے ساتھ با نی ایم کیو ایم کے نظریے کے ساتھ نہیں بیٹھے نواز شریف اور آصف علی زرداری لوٹا مال واپس کر دیں، میں ضمانت دیتا ہوں کہ ان کو چھوڑ دیں گے۔

مزیدخبریں