لاہور (نمائندہ سپورٹس)اب پاکستان میں فرسٹ کلاس میچ ٹاس کے بغیر شروع ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں 'نو ٹاس' کا منفرد تجربہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انگلینڈ کے بعد پاکستان دوسرا ملک ہوگا جس میں فرسٹ کلاس میچ ٹاس کے بغیر شروع ہوگا۔ مہمان ٹیم کو پہلے بولنگ کا آپشن دیا جائیگا۔پی سی بی ستمبر کے دوسرے ہفتے میں قائد اعظم ٹرافی شروع کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ چار روزہ میچوں میں اگر مہمان ٹیم کو پچ سے شکایت ہے اور وہ اپنے مضبوط بائولنگ اٹیک سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو وہ نو ٹاس کا آپشن استعمال کرسکتا ہے۔نئے سسٹم کے تحت چھ صوبائی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کرایا جائیگا۔ نئے نظام سے ٹاس کا کردار ختم ہوجائے گا۔ یہ ایڈوانٹیج مہمان ٹیم کو ہوگا۔ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچ روایتی انداز میں ٹاس کیساتھ ہی ہوں گے۔ اگر دورہ کرنیوالی ٹیم چاہے گی تو اس کے پاس آپشن ہوگا کہ وہ پہلے بائولنگ کرسکتی ہے تاہم اگر دونوں ٹیمیں پہلے بیٹنگ کرنا چاہیں گی تو پھر ٹاس کا آپشن استعمال ہوگا۔عام طور پر کرکٹ میچ کا آغاز ٹاس سے ہوتا ہے، میچ شروع ہونے سے تیس منٹ قبل ٹاس ہوتا ہے اور ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ یا بولنگ کا فیصلہ کرتی ہے۔پی سی بی نئے فرسٹ کلاس سیزن کو پرکشش بنانے کیلئے کئی تجربات کررہی ہے۔ نو ٹاس کا فیصلہ سب سے منفرد اور اہم ہوگا۔2016 میں انگلینڈ کے کاؤنٹی میچوں میں ٹاس میں سکے کا استعمال ختم کردیا گیا تھا۔
اب پاکستان میں فرسٹ کلاس میچز ٹاس کے بغیر شروع ہونگے
Aug 25, 2019