اینکر پرسن مرید عباس کے قاتل کیخلاف دھوکہ فراڈ کی شکایات پر نیب انکوائری کا حکم

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)قومی احتساب بیورو (نیب)کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نجی ٹی وی کے اینکر پرسن مرید عباس سمیت میڈیا اور دیگر افراد سے مبینہ طورپر اربوں روپے جعلی ٹائروں کے کاروبار کے نام پر بڑے پیمانے پر عوام الناس کو لوٹنے والے ملزم عاطف زمان کے خلاف ڈی جی نیب کراچی کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ ملزم عاطف زمان نے نجی ٹی وی کے اینکر پرسن مرید عباس اور اس کے دوست خضر حیات کو کراچی میں قتل کردیا تھا۔ جس پر کراچی پولیس نے مقدمہ کے اندرج کے بعد قانونی کارروائی کررہی ہے۔ دریں اثناء نیب کو بڑے پیمانے پر عوام الناس سے موصول ہونے والی شکایات اور کراچی کی طرف سے نیب کو موصول ہونے والی درخواست کی روشنی میں چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ٹائروں کے کاروبار کے نام پر بڑے پیمانے پر عوام الناس کو پرکشش منافع دینے کا جھانسہ دے کر فراڈ اوردھوکہ دہی کے ذریعے لوٹنے والے گروہ کے مبینہ سرغنہ عاطف زمان کے خلاف ڈی جی نیب کراچی بریگیڈیئر فاروق نصر اعوان کو قانون کے مطابق انکوائری کا حکم دیا ہے تاکہ ملزم عاطف زمان اور گروہ کے دیگر ارکان سے دھوکہ دہی اور پرکشش منافع کا جھانسہ دے کر فراڈ کے ذریعے ہتھیائی گئی مطولبہ رقوم برآمد کرکے متعلقہ متاثرین کو قانون کے مطابق واپس دلوائی جاسکیں۔

ای پیپر دی نیشن