کراچی (نوائے وقت نیوز) وزیراطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ کابینہ نے صوبے کے تمام ہسپتالوں کے لئے ادویات کی خریداری کے عمل کو آسان بنانے کے لئے صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کما ر چاولہ ، وزیر زراعت اسماعیل راہو، مشیرقانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔جبکہ ہسپتالوں میں ادویات کی قلت کو ختم کرنے کے لئے محکمہ صحت کے پاس پہلے سے موجود ادویات کو فوری طور پر اسپتالوں کو مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ کابینہ نے ایس ایم بی بی انسٹیٹیوٹ آف ٹراما کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کا چارج کسی گریڈ 20 کے میڈیکل افسر کو دینے کی منظو ری دے دی اور فیصلہ کیا ہے کہ وزیر صحت سندھ کی منظوری سے یہ چارج دے دی جائے گی۔سندھ کابینہ نے ٹیچنگ ہاسپیٹلز مینجمنٹ بورڈ بل۔2019 کی منظوری دے دی۔ صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی ہے تو سازشیں شروع ہوجائی ہیں، اس دفع بھی لوگوں نے شیروانیاں بنائی ہیں ۔ ان افراد کو گھوٹکی انتخابات سے سبق سیکھنا چاہئے۔سندھ کے عوام نے ان کو پھر رد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اراکین پارٹی کے ساتھ ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات اور پارکس میں کچرہ نہیں پھینکا جا سکتا، کچر لینڈ فل سائیٹس پر ڈمپ کیا جائے۔
شیروانیاں سلوانے والے گھوٹکی الیکشن سے سبق سیکھیں، سعید غنی
Aug 25, 2019