وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ بھارت نے جنت نظیر وادی کوکشمیر ی عوام کیلئے جہنم بنا دیا ہے -مودی سرکار نے گزشتہ کئی روز سے نہتے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے- انہوں نے کہا کہ مسلسل کرفیو اور کریک ڈاؤن کے باوجود بھی کشمیریوں کا جذبہ آزادی پہلے سے زیادہ بڑھا ہے اور نام نہاد جمہوریت کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے - اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پیلٹ گنز کی گولیاں بھی کشمیری عوام کی آ زادی کی تحریک کو نہیں دبا سکیں -بھارت نے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کو جوتے کی نوک پر رکھا ہے -انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے خون آشام ہاتھ معصوم کشمیریوں کے لہو سے رنگے ہوئے ہیں - عالمی برادری کو انسانی المیے سے بچنے کے لئے کشمیری عوام کا ساتھ دینا ہو گا اور اس اہم مسئلے پر دنیا کی مزید خاموشی کسی بڑے سانحہ کا باعث بن سکتی ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ یہ امتحان بین الاقوامی برادری کا ہے کہ وہ امن کاساتھ دے گی یا پھر جارحیت پسند مودی سرکار کا-انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پاکستان کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتا - کشمیری ہمارے ہیں اور ہم کشمیر کے-اس لئے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن بھرپور طریقے سے منایا جائے گا-
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں کا خود جائزہ لیا ہے- قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر اور پاکپتن کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں - انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کھانے پینے کی اشیاء او رادویات کاانتظام کیاگیا ہے اور متاثرہ لوگوں کے لئے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور امدادی کام ہمہ وقت جاری وساری ہے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ انتظامی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ میڈیکل کیمپس میں ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مویشیوں کے لئے چارے اور ونڈے کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے- متاثرہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی یا تکلیف کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے-متاثرہ لوگوں کی تکلیف میری اپنی تکلیف ہے اور اس مشکل گھڑی میں پنجاب حکومت متاثرہ دیہات کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے- متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور امدادی ادارے بڑھ چڑھ کر متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ وقت گھر یا دفتر بیٹھنے کا نہیں بلکہ متاثرہ دیہات میں بہن بھائیو ں کی مدد کا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور قائداعظم ؒ کے ساتھی اکرام ا لحق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔