اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سیکریٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن راجہ خرم پرویز نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بڑھتی مہنگائی بے روزگاری کے بعد جرائم کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک کے تمام بڑھے شہروں میں بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری کے بعد تیزی سے جرائم کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن تبدیلی سرکار اور پولیس میں اصلاحات کے سہانے خواب دکھانے والے گزشتہ دو سال میں اس حوالے سے کسی بھی سطح پر اصلاحات لانے میں غیر سنجیدہ اور ناکام رہیں ہیں ،انہوں نے کہا ہے کہ کرونا لاک ڈائون کے بعد صورتحال شہری سطح پر انتہائی مخدوش ہے بے روزگاری کے سبب جرائم کی شرح میں جڑواں شہروں میں تیزی سے ڈکیتی، رہزنی اور قتل کی وارداتوں میں ہولناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جڑواں شہروں میں پولیس جرائم کنٹرول کے حوالے سے مکمل ناکام ہو چکی ہے، اس کیساتھ ساتھ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کرپٹ اور نا اہل عناصر نے جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، حالیہ چند دنوں میں جڑواں شہروں اور گردو نواح کے علاقوں میں 1536رہزنی اور ڈکیتی کی وارداتیں ریکارڈ کی گئی لیکن پولیس کی غفلت کا اندازہ اس اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسقدر بڑھتی وارداتوں کے باوجود صرف 371چالان پیش کیئے گئے۔ تبدیلی سرکار گزشتہ دو سالوں میں دیگر اداروں سمیت پولیس کے محکمے میں کسی بھی سطع پر کوئی اصلاحات مرتب کرنے میں ناکام رہیں ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں اشیائے خوردونوش سمیت ادویات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جبکہ وسائل کی عدم دستابی اور مہنگائی کے سبب ملک میں بے روزگاری کے سبب تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ پولیس جرائم پیشہ عناصر کی میخ کنی میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور حکومتی سطع پر اس حوالے سے کوئی سنجیدگی سامنے نہیں آ رہی ہے۔