لاہور (وقائع نگار خصوصی) انسداد دہشت گردی عدالت نے حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کے خلاف کیس کی سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ اے ٹی سی کورٹ نمبر 1میں پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، محمد اشرف، یحییٰ مجاہداور سید لقمان شاہ کے خلاف مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر نصیرالدین نیئر ایڈووکیٹ اور سرکاری وکیل عبدالغفور وٹو بھی پیش ہوئے۔ تاہم عدالت نے گواہوں کو حاضر کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ قبل ازیں حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، محمد اشرف اوریحییٰ مجاہدکو انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 3کے جج اعجاز احمد بٹر کے روبرو پیش کیا گیا۔ مذکورہ عدالت نے بھی کیس کی سماعت آج تک کیلئے ملتوی کی ہے۔