کرونا : سندھ میں 6اموات ، پنجاب کے سکولوں کیلئے ایس او پیز جاری، فاصلہ، سینیٹائزر لازمی

Aug 25, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان میں عالمی وبا کرونا وائرس کا پھیلاؤ بڑی حد تک سست ہوچکا ہے اور روزانہ کیسز کی تعداد کم جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملک میں اب تک کرونا کے 2 لاکھ 93 ہزار 433 کیسز میں سے 2 لاکھ 76 ہزار 829 صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد فعال کیسز صرف 10 ہزار 354 رہ گئے ہیں۔ 24 اگست تک کرونا وائرس کے مزید 283 کیسز کی تصدیق ہوئی اور 6 اموات سامنے آئیں مجموعی اموات 6250 ہو گئیں۔  اس کیساتھ 993 افراد صحتیاب بھی ہوگئے، اس کے علاوہ بلوچستان میں گزشتہ روز 20 کیسز رپورٹ ہوئے۔  سندھ میں گزشتہ کرونا وائرس کے مزید 172 کیسز سامنے آگئے جس میں 76 کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق متاثر افراد کی تعداد ایک لاکھ28 ہزار 456 ہوگئی۔ صوبے میں مزید 6 مریض انتقال کر گئے، تعداد 2 ہزار 373 تک جا پہنچی۔ پنجاب میں مزید 55 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ مجموعی کیسز کی تعداد 96 ہزار 233 ہوگئی۔ کسی مریض کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، تعداد 2 ہزار 188 ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مزید 22 کیسز رپورٹ ہو ئے۔ متاثرہ کی تعداد 15 ہزار 515 ہوچکی ہے۔ خوش قسمتی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی،  175 مریض انتقال کرچکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں مزید 25 کیس کی تصدیق ہوئی۔  اب تک 2 ہزار 682 افراد وبا کا شکار بن چکے ہیں۔ انتقال کرنے والے 64 ہیں۔ آزاد کشمیر میں مزید 9 افراد وبا کا شکار بنے۔ متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 254 تک جا پہنچی ہے۔کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، اموات کی تعداد 61 ہی ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 993 مریض شفایاب ہوئے۔ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے 94 فیصد یعنی 2 لاکھ 76 ہزار 829 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے صو بے تعلیمی اداروں کے حوا لے سے ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ مارننگ اسمبلی، اِن ڈورگیمز، جھولوں، سلائیڈز، کھیلوں کی سرگرمیوں، سیمینارز، تقریری مقابلوں، کھیلوں کے مقابلوں اور ٹورنامٹس منعقد کرانے پر پابندی ہوگی۔  ماسک پہننا لازمی ہوگا، سکول بسوں میں کل گنجائش کا 50 فیصد اور ہاسٹلز کی سہولت کیلئے صرف 30 فیصد گنجائش استعمال کی جائے گی۔ طلباء وطالبات کو صابن اور ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بناناہوگی۔ اس کے علاوہ سانس کی تکلیف میں مبتلا طالب علموں اور سٹاف کو گھروں تک محدود رکھاجائے گا۔  تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے سے 3 دن قبل تعلیمی اداروں کی جامع صفائی اور ڈس انفیکٹ کیا جائے، تعلیمی اداروں کو روزانہ کی بنیاد پربھی ڈس انفیکٹ کیا جائے ، 6 فٹ کا سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ طالب علم ہاتھ ملانے کی پابندی پر عمل کریں، سکولوں میں داخلے اور چھٹی کے وقت سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے، اساتذہ لیکچر دیتے وقت بھی سماجی فاصلہ اپنائیں، طالب علم اپنا دوپہر کا کھانا گھر سے لائیں، تعلیمی اداروں میں تمام بچوں کا تھرمل گن سے ٹمریچر چیک کیا جائے اور تمام طالب علموں کی الگ الگ ہیلتھ لاگ بک تیار کی جائے۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے سبب دنیا میں2 کروڑ 35 لاکھ 83 ہزار616 افراد متاثر ہوئے جبکہ8 لاکھ12ہزار513 اموات ہوئی ہیں۔ کرونا سے صحت یاب افراد کی تعداد ایک کروڑ60لاکھ80ہزار568ہے۔ امریکہ میںمتاثرہ افراد کی تعداد 58 لاکھ74 ہزار 146 اور اموات ایک لاکھ80ہزار604 ہے۔مزید 363افراد جان کی بازی ہا چکے ہیں۔برازیل میں  مریض 36لاکھ پانچ ہزار سات سو تراسی ہے اور ایک لاکھ14ہزار772 اموات ہوئی ہیں۔ امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے ) نے کرونا مریضوں کے علاج کے لئے پلازمہ سے علاج کی ہنگامی بنیادوں پر منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق سوموار کو وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی، جب کہ صوبائی حکام نے ویڈیو لنک پر کرونا صورت حال سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی،  این سی او سی نے ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں میں حفاظتی خطوط یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، اور اس سلسلے میں مذہبی فرقوں، علمائے کرام اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔اجلاس میں اسد عمر نے کوئٹہ، اسلام آباد اور لاہور میں ایس او پیز پر سختی سے پابندی کو سراہا،  صوبوں کو ہدایت کی کہ محرم میں ایس او پیز کی سختی سے نگرانی کی جائے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ  مجالس کے داخلی راستوں پر ماسک، سینی ٹائزر اور اسکینرز لازم کیے گئے ہیں، ایس او پیز کے ساتھ سماجی فاصلوں کا خیال برقرار رکھنا بھی اہم ہے۔انہوں نے کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں کرونا صورت حال بگڑ سکتی ہے۔

مزیدخبریں