پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ اس خطے کے مستقبل کا انحصار پاکستان کی ترقی سے جڑا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا وژن بہت واضع ہے۔ خیبر پی کے ہاؤس میں شجرکاری مہم کے حوالے سے پودے لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ دو ہفتے قبل وزیراعظم نے کلین اینڈ گرین مہم کا آغاز کیا تو چینی سفارتخانے میں پودا لگا کر اپنا حصہ ڈالا تھا۔ گرین پاکستان مہم میں چین بھرپور مدد کرے گا۔ چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مزید گہرے ہونگے۔ ان سے مہمند ڈیم‘ بھاشا ڈیم اور قراقرم ہائی وے کی تعمیر کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سنکیانگ اور خیبر پختونخوا سسٹر شہر ہیں۔ ان کے درمیان تعاون بڑھائیں گے۔ چینی کاروباری افراد کیلئے خیبر پی کے میں تجارت کے بہت سے مواقع ہیں۔ چینی سفیر نے کرونا پر قابو پانے کے لئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔
اسلام آباد ( جاوید صدیق) پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ چین امریکہ سے سرد جنگ نہیں چاہتا، نہ وہ کسی سرد جنگ کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ چین دنیا میں کشیدگی کے خاتمے، داخلی اور خارجی امن کی پالیسی پر گامزن ہے۔ چینی سفیر گذشتہ روز یہاں خیبر پختونخواہ ہائوس میں پاک چین دوستی تنظیم اور پاکستان ڈویلپمنٹ فائونڈیشن کی طرف سے کے پی کے میں شجرکاری مہم کے آغاز کی تقریب پر نوائے وقت سے بات چیت کر رہے تھے۔ چینی سفیر نے کہا کہ دنیا اب مزید سرد جنگ نہیں چاہتی، دنیا امن چاہتی ہے، خوشحالی اور ترقی چاہتی ہے۔ چینی سفیرسے استفسار کیا گیا کہ امریکہ تائیوان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کر رہا ہے جس پر چینی سفیر نے کہا کہ نہ صرف تائیوان سے تعلقات مضبوط کر رہا ہے، وہ ہانگ کانگ اور سنکیانگ کے مسئلہ پر بھی چین پر الزام تراشی کر رہا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین سی پیک منصوبے کی تکمیل کے بارے میں پر عزم ہے۔ یائو جنگ نے کہا کہ کچھ ممالک سی پیک کی تکمیل سے پریشان ہیں لیکن پاکستان اور چین اس منصوبے کو ہر صورت میں مکمل کریں گے۔ یہ منصوبہ کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہے۔ پاکستان اور چین سی پیک پر پوری توجہ سے کام کر رہے ہیں، اس سے قبل شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پودا لگانے کے بعد تقریب میں خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ میں ابھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے آیا ہوں، وزیراعظم سی پیک پر کام تیز کرنا چاہتے ہیں۔ اس منصوبے پر چین پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ چین خیبر پختونخواہ میں میمن ڈیم کی تکمیل میں بھی مدد دے رہا ہے۔ کے پی کے بہت اہم صوبہ ہے۔ بھاشا ڈیم بھی تعمیر ہو رہا ہے۔ خیبر پختونخواہ کا صوبہ چین کیلئے بڑی اہمیت رکھتا ہے، یہ صوبہ افغانستان اور پھر وسط ایشیاء تک چین کو تجارتی رسائی دے گا۔ چین وسط ایشیاء تک اپنی تجارت کو بڑھانا چاہتا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ خیبر پختونخواہ اور سنکیانگ جڑواں صوبے قرار دیئے جا چکے ہیں، چین کا خیبر پختونخواہ سے خصوصی تعلق ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین نے کووڈ 19 پر مثالی تعاون کا مظاہرہ کیا ہے۔ تقریب کا انعقاد پاکستان ڈویلپمنٹ فورم اور پاک چین دوستی کے اشتراک سے کیا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات کامران بنگش، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز، کے پی کے اسمبلی کے ارکان، پاک چین دوستی تنظیم کے صدر سید علی نواز گیلانی، چین کے سفارت خانہ کے کلچرل اتاشی اور دوسری اہم شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں چین کے سفیر کو پاک چین دوستی کی طرف سے شیلڈ پیش کی گئی۔ مشیر اطلاعات کامران بنگش، قبلہ ایاز، نوائے وقت کے ریزیڈنٹ ایڈیئر جاوید صدیق اور اسلام آباد پوسٹ کے ایڈیٹر انصر بھٹی کو بھی پاک چین دوستی کو فروغ دینے کی خدمات پر شیلڈز دی گئیں۔ پاکستان میں چین کے سفیر یاؤژنگ نے یہاں خیبر پختونخواہ ہاؤس میں خطاب کرتے کہا کہ پاکستان سے کرونا وائرس کا خاتمہ ایک معجزے سے کم نہیں چینی سفیر جو خود ماسک پہنے ہوئے تھے اور وہاں موجود اکثر شرکاء نے ماسک پہنے ہوئے تھے کہا کہ یہ ایک بڑا معجزہ ہے کہ پاکستان سے کرونا وائرس ختم ہو رہا ہے انہوں نے کہ کہ وہ کرونا وائرس کے بعد کسی پہلی عوامی تقریب میں شریک ہو رہے ہیں ۔