ننکانہ صاحب‘ لاہور (نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نیوز رپورٹر‘خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) پیر اعجاز احمد شاہ کے حقیقی بھائی، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب کے صدر پیر طارق احمد شاہ کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے، مرحوم کے بھائی پیر حسن احمد شاہ المعروف پیر پپو شاہ بھی ایک ماہ قبل کرونا وائرس کا شکار ہو کر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ پیر طارق احمد شاہ کئی روز سے لاہور کے ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ مرحوم پیر طارق احمد شاہ کی غائبانہ نماز جنازہ ان کے آبائی گائوں نبی پور پیراں کے قبرستان میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں ڈویژنل صدر پاکستان پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن رائے شاہجہاں احمد خاں بھٹی، ایم پی اے آغا علی حیدر، سابق ایم این اے شاہد منظور گل، سابق ضلع ناظم ننکانہ صاحب پیر ممتاز علی شاہ، سابق تحصیل ناظم ننکانہ شہزاد خالد خاں ، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب چوہدری نعیم احمد، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر پیر سرور شاہ، سابق صدور ڈسٹرکٹ بار ننکانہ بار محمدا مین بھٹی، چوہدری محمد انور زاہد ، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجروں، وکلائ، پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی، دریں اثناء ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب کے لان میں بھی مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ صدر بار پیر طارق احمد شاہ کی وفات پر جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب آصف علی بھٹی کی طرف سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، مرحوم کی تدفین لاہور میں کی گئی ہے ، وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) پیر اعجاز احمد شاہ کے بھائی پیر طارق احمد شاہ کی وفات پر وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، سینئر صوبائی وزیر علیم خاں، وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان‘ پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری سمیت دیگر نے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے نے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو ٹیلیفون کیا اور ان کے بھائی طارق شاہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ تمام اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے سابق صوبائی وزیر گل حمید روکھڑی کے انتقال پر بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل حمید روکھڑی انسانیت کا درد رکھنے والی شخصیت تھے جس بنا پر انہیں سیاسی و سماجی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے دونوں مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے بھائی پیر طارق شاہ کرونا سے انتقال کر گئے
Aug 25, 2020