لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ اجلاس میں صوبے میں آٹے اور چینی کے نرخوں اور سٹاک کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ قیمت 860 روپے میں وافر دستیاب ہے اور پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں عوام کو مقرر کردہ قیمت پر آٹے کا تھیلا مل رہا ہے۔ عثمان بزدار نے آٹا تھیلا سرکاری ریٹ پر عوام کو فراہم کرنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب سے آٹے کی سمگلنگ روکنے کیلئے مانیٹرنگ کو مزید سخت کرنے کیلئے ہرممکن انتظامی اقدام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت خیبر پی کے کے بہن بھائیوں کیلئے بھی روزانہ کی بنیاد پر گندم فراہم کر رہی ہے۔ عوام کو مقررکردہ قیمت پر آٹا مہیا کرنے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ سبسڈی غریب عوام کا حق ہے جبکہ اشرافیہ کو آٹے پر سبسڈی ملنا غریب کا حق مارنے کے مترادف ہے۔ وزیراعلیٰ نے آٹے کی سبسڈی کو ٹارگٹڈ بنانے کیلئے موثر میکنزم تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ خوراک سے ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے حتمی پلان طلب کر لیا۔ پنجاب حکومت روزانہ 17 ہزار ٹن سے زائد گندم فلور ملوں کو ریلیز کر رہی ہے جس سے مارکیٹ میں آٹے کی قیمت میں استحکام آیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے آٹے کی قیمت میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ اجلاس میں چینی کے نرخوں میں استحکام کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کروں گا۔ انتظامی افسرن خود مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کریں اور قیمتوں کا جائزہ لے کر رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کریں جبکہ میں خود بھی مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لوں گا۔کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ عوامی نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے جائز کاموں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ پنجاب میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں۔ اپوزیشن نے کرونا پر منفی سیاست کرکے اپنی رہی سہی ساکھ بھی خراب کی۔ اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ غلط بیانی اور جھوٹ کا سہارا لیا۔ عمران خان کی قیادت میں سابق دور کی خرابیاں درست کر رہے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں۔ ماضی کے ادوار میں بے حساب کرپشن کو قوم ابھی تک نہیں بھولی۔سابق دور میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے احتساب سے خوف زدہ ہیں۔ ماضی میں ترقی نہیں شو بازی ہوتی تھی۔ تنقید برائے تنقید کے باوجود پنجاب حکومت کی کارکردگی تینوں صوبوں سے بہتر ہے۔سازشی عناصر تنقید کرتے رہ جائیں گے اور پنجاب آگے بڑھتا جائے گا۔ بے بنیاد الزامات لگانے والے ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہیں۔ ایسے عناصر ذاتی مفاد کی خاطر قومی مفاد کو بے پناہ نقصان پہنچا رہے ہیں۔ نئے پاکستان میں مفاد پرست لوگوں کے مخصوص ایجنڈا کی رتی بھر گنجائش نہیں۔شعبدہ بازی کا دور گزر چکا اور لوٹ مار کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکی۔ پاکستان کے عوام باشعور ہیں۔ پروپیگنڈا کرنے والے شفاف پاکستان کی منزل کی جانب بڑھتے سفر کو کھوٹا کرنا چاہتے ہیں۔ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ دو برس قبل شروع ہونے والے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔سازشی عناصر ناکام تھے، ناکام ہیں، ناکام رہیں گے۔ عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے۔ قوم کے ٹھکرائے ہوئے سیاستدان اپنی سیاست بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مسترد شدہ سیاست دانوں کا نہ کوئی مستقبل ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔ ان عناصر نے اپنے دور میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کئے۔ باشعور عوام کرپشن زدہ سیاست دانوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ عثمان بزدار نے منڈی بہاؤالدین کے علاقے میں خواتین کو کتوں کے کاٹنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او اور کمشنر گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔