مشیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت ایف بی آرمیں اصلاحات سے متعلق اجلاس

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)فیڈر ل بورڈ آف ریوینیو میں اصلاحات سے متعلق اہم  اجلا س وزارت خزانہ میں منعقد ہوا جس کی صدارت وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریوینیو عبدالحفیظ شیخ نے کی۔ میٹنگ کے دیگر شرکاء میں عبدلرزاق داود مشیر برائے کامرس، ٹیکسٹائل و سرمایہ کاری اورعشرت حسین مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات  اور سیکریٹری خزانہ شامل تھے۔ ایف بی آر کی طرف سے چیئرمین ایف بی آر  محمد جاوید غنی،  ڈاکٹر محمد اشفاق احمد ممبر آئی آر آپریشنز، عنبریں افتخار ممبر ریفارمز اور عاصم احمد ممبر آئی ٹی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ممبر ریفارمز ایف بی آر نے ایک پریزینٹیشن دی۔ میٹنگ میں طے پایا کہ ایف بی آرباقاعدہ ریوینو کی وصولی اور مختلف سیکٹرز میں بڑ ھوتری سے متعلق رپورٹ اور جائزہ پیش کرے گا۔ میٹنگ میں ریفنڈز، نئے ٹیکس گزاروں میں اضافہ، پوائینٹ آف سیل سے منسلک ریٹیلرز اور حل شدہ شکایات سے متعلق فیصلہ ہوا کہ ایف بی آر ان کارکردگی کے اعشاریوں پر باقاعدہ  رپورٹ پیش کرے گا۔ ٹیکس اپیلوں سے متعلق یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایف بی آر اپنے موجودہ اپیل سٹرکچر کو از سر نو تشکیل دے گا تا کہ مختلف عدالتوں میں حل طلب ٹیکس سے متعلقہ کیسز کو حل کرکے ریوینیو میں اضافہ کیا جا سکے۔ انکم ٹیکس ریفنڈز کے خود کار نظام پر بحث کے بعد یہ طے پایا کہ ایف بی آر اپنے انکم ٹیکس ریفنڈز کے نظام کو مکمل طور پر خودکار بنائے گا اور اس سلسلے میں باقاعدہ رپورٹ وزارت خزانہ کو پیش کرے گا۔ انکم ٹیکس گوشواروں کو آسان بنانے کے حوالے سے طے پایا کہ ایف بی آر مختلف سیکٹرز کو مد نظر رکھ کر انکم ٹیکس گوشواروں کو آسان بنائے گا اور گوشواروں کو آسان بنانے پراٹھائے گئے  اقدامات کے متعلق رپورٹ وزارت خزانہ کو پیش کرے گا۔ریجنل ٹیکس آفسز، سی آر ٹی اوز اور لارج ٹیکس پیئر یونٹس کی مانیٹرنگ سے متعلق یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایف بی آرباقاعدہ ماہانہ اہداف اور کارکردگی کی رپورٹ وزارت خزانہ کو پیش کرے گا اور مختلف سیکٹرز میں رحجان کا جائزہ بھی پیش کرے گا۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اصلاحات سے متعلق ایف بی آر کے اقدامات کی ٹیکس گزاروں کی آگاہی کے لئے تشہیر کی جائے۔ بارڈر پر سمگلنگ کی صورت حال کے بارے میں طے پایا کہ ایف بی آرباقاعدہ ضبط شدہ اشیاء کی تعداد اور مقدار کی تفصیلات رپورٹ کی صورت میں پیش کرے گا۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹیگریٹی مینجمنٹ یونٹ کو مزید فعال بنایا جائے تا کہ شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہو۔ اس سلسلے میں رپورٹ وزارت خزانہ کو پیش کی جائے۔ریونیو ٹارگٹ سے متعلق یہ طے پایا کہ ایف بی آر ما ہانہ ریوینیو اہداف کو متعین کرنے اور اس کی مانیٹرنگ پر رپورٹ پیش کرے گا۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اعلی سطحی تکنیکی کمیٹی کی تشکیل کی جائے جو کہ تمام تجاویز کا جائزہ لے۔

ای پیپر دی نیشن