اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)تاجروں کی سہولت اور معاونت کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے ایف بی آر نے پاکستان کسٹمز کی تمام فیلڈ ٹیموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ جلد ضائع ہونے والی اشیاء کی درآمدی و برآمدی کنسائنمنٹس کی تیزرفتار کلیئرنس یقینی بنائیں۔ چیف کلکٹرز کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر جلد ضائع ہونے والی اشیاء کی کلیئرنس کی نگرانی کریں اور درآمد و برآمد کنندگان کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کریں۔ مزید برآں، چیف کلکٹرز سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ جلد ضائع ہونے والی اشیاء کی کلیئرنس میں تاخیر کی مختلف وجوہات مثلاً ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن جیسے دیگر اداروں کی جانب سے این او سی کے اجراء سے متعلق مسائل وغیرہ کی نشاندہی کریں تاکہ تجارتی و صنعتی اداروں کی سہولت و معاونت کے لئے ان اداروں سے رابطہ کیا جا سکے۔ ایف بی آر کی ہر ممکن کوشش ہے کہ تجارت میں ہر طرح کی سہولت پیدا کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ تجارتی اداروں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے کہ وہ جلد ضائع ہونے والی اشیاء کی کنسائنمنٹس کی کلیئرنس سے متعلق کسی بھی مسئلے کے حل کے لئے چیف کلکٹر سے رابطہ کریں۔ ایف بی آر، کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیارات اور تجارت میں سہولت یقینی بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے اور اس طرح پاکستان میں کاروبار کے لئے ماحول سازگار بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔