حکمران ریاست کی بنیادیں کھوکھلی کر رہے ہیں‘  یاسر عدیل شیخ

کراچی (نیوزرپورٹر) مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) سندھ کے صدر اور کراچی کے صوبائی حلقےPS-102 سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار یاسر عدیل شیخ ، جنرل سیکریٹری عاقب خان تنولی ،کراچی ڈویژن کے صدر سردار محمد سہیل، ایم ایس ایف(ن) کے صوبائی آرگنائزر عبد القدوس بلو نے ایک مشترکہ بیان میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کے خلاف نیب کے نئے نوٹس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلط حکمران خطے کی نازک صورتحال اور پاکستان کی سرحدوں کی طرف بڑھتے ہوئے خدشات کے تدارک کی طرف توجہ دینے کی بجائے سیاسی مخالفین کے خلاف غیر اعلانیہ جنگ کر رہے ہیں۔ تین سال تک مسلسل احتساب کی سولی پر لٹکانے کے باوجود عمران خان کی حکومت پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے خلاف ایک دمڑی کی کرپشن ثابت نہیں کر سکی ہے۔ حکمران پڑوسی ملک افغانستان کے حالات سے سبق سیکھیں اور جان رکھیں کہ وقت کے صفحات پلٹنے میں دیر نہیں لگتی آج احتساب کے نام پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت زیر عتاب ہے تو آنے والے دنوں میں احتساب کا فرشتہ موجودہ حکمرانوں کے دروازوں پر دستک دے رہا ہوگا۔ مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ نے گوادر میں چینی قافلے پر دہشت گردوں کے حملے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس حکومت کی توانائیاں سیاسی مخا لفین سے انتقام لینے پر صرف ہو رہی ہوں وہ ملک میں امن و امان کیسے قائم رکھ سکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن