راولپنڈی(محبوب صابر ) گورنمنٹ کالج برائے خواتین ڈھوک الٰہی بخش میںانگلش اور اردو لٹریچر پروگرام کیلئے پنجاب یو نیورسٹی کومراسلہ لکھ دیا گیا ہے ، کالج مین کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے کلاسیں ہو رہی ہیں، دستیاب وسائل میں اچھی تعلیم دینے میں مصروف ہیں،لائبریری اور کمپیوٹرلیب کو اپ گریڈ کر دیا گیا، حکومت کی جانب سے یکساں نصاب تعلیم احسن اقدام ہے ، ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ کالج برائے خواتین ڈھوک الہی بخش کی پرنسپل پرو فیسر ڈاکٹر فریحہ نگہت نے ’’نوائے وقت ‘‘ کو انٹر ویو دیتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ ایک احسن اقدام ہے ، یکساں نصاب تعلیم طبقاتی فرق کو ختم کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا، اکیسویں صدی سے ہم آہنگ نصاب طالب علموں میں مثبت تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں معاون ثابت ہو گا، انہوں نے کہا کہ کالج میں ساڑھے تین سو کے قریب طالبات تعلیم حاصل کر ہی ہیں جن کو تعلیم یافتہ اور تجربہ کار اساتذہ پڑھاتے ہیں، کالج میں آنے والے تمام افراد کو میں گیٹ پر چیک کرکے داخل ہونے دیا جا تا ہے کالج میں 50فیصد طالبات کو تعلیم دی جا رہی ہے۔، انہوںنے کہا کہ ہم نے کالج میں کمپیوٹر لیب میں کمپیوٹرز کا اضافہ کر دیا ہے ۔